عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بمنہ سرینگرمیں اتوار کو ایک خاتون پراسرار حالات میں مردہ پائی گئی۔ سر سید آباد، بمنہ میں ایک مکان میں بطور کرایہ دار رہنے والی خاتون کی لاش کل صبح اس کے کمرے کے اندر پائی گئی۔ اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام موقع پر پہنچے اور خاتون کو طبی جانچ کے لیے منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کر دی۔متوفیہ کی شناخت سائمہ رجب دختر محمد رجب، ساکن نائد کھائی سونہ واری کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے موت کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔ادھرجنوبی کشمیر کے اونتی پورہ کے بارسو علاقے میں اتوار کی صبح پیش آئے ایک سڑک حادثے میں کیرالہ سے تعلق رکھنے والے چار سیاح زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب سیاح ایک مسافر گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔حکام نے بتایا کہ مسافر گاڑی کو بارسو، اونتی پورہ میں ایک نامعلوم ٹرک نے مبینہ طور پر ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار افراد کو متعدد چوٹیں آئیں۔ حادثے کے فوراً بعد زخمیوں کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال پامپور منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں مزید علاج کے لیے سری نگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال ریفر کیا گیا۔ادھرکنگن کے چروان علاقے میں اتوار کو ایک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک پیدل چلنے والا شدید زخمی ہو گیا۔ یہ حادثہ دو گاڑیوں کی ٹکر کے دوران ہوا۔حکام کے مطابق، سویفٹ کار (PB11BQ/4689) اور سومو گاڑی (JK03B/3384) کے درمیان چروان کانگان میں تصادم ہوا، جس کے دوران ایک پیدل چلنے والا شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کی شناخت وسیم احمد، 25، بیٹے محمد اقبال کسنا، ہایان پالپورہ کے طور پر کی گئی ہے۔حادثے کے فوراً بعد اسے ہنگامی طبی امداد کے لیے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کانگان منتقل کیا گیا۔ طبی حالت کی سنگینی کے باعث ڈاکٹروں نے اسے صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ ریفر کیا گیا۔