یواین آئی
لندن/ٹینس کی عالمی شہرت یافتہ بہنیں سرینا ولیمز اور وینس ولیمز ومبلڈن 2026 کے خواتین ڈبلز مقابلوں میں ایک بار پھر ایک ساتھ کورٹ میں نظر آئیں گی۔ ومبلڈن انتظامیہ نے دونوں کو وائلڈ کارڈ انٹری دے دی ہے ۔دونوں بہنیں اس سے قبل ومبلڈن میں خواتین ڈبلز کا ٹائٹل چھ مرتبہ جیت چکی ہیں۔ انہوں نے آخری بار 2016 میں یہ گرینڈ سلیم اپنے نام کیا تھا۔سرینا ولیمز نے حال ہی میں تقریباً چار سال بعد کوئنز کلب میں ڈبلز مقابلوں کے ذریعے مسابقتی ٹینس میں واپسی کی تھی، اور اب وہ اپنی بہن وینس کے ساتھ ومبلڈن میں دوبارہ جوڑی بنائیں گی۔ومبلڈن انتظامیہ نے منگل کو مختلف وائلڈ کارڈ انٹریز کا اعلان کیا۔
ٹورنامنٹ کا آغاز 29 جون سے ہوگا۔ خواتین سنگلز کے لیے دیے گئے سات وائلڈ کارڈز میں ولیمز بہنوں کا نام شامل نہیں ہے ، تاہم انہیں ڈبلز مقابلوں میں خصوصی انٹری دی گئی ہے ۔سرینا اور وینس ولیمز نے بطور جوڑی مجموعی طور پر 14 گرینڈ سلیم ڈبلز ٹائٹلز جیتے ہیں۔ انفرادی طور پر سرینا کے نام 23 گرینڈ سلیم جبکہ وینس کے نام 7 گرینڈ سلیم ٹائٹلز ہیں۔دونوں بہنوں نے لندن 2012 اولمپکس میں ڈبلز کا طلائی تمغہ بھی جیتا تھا۔ اس سے قبل وہ سڈنی 2000 اور بیجنگ 2008 اولمپکس میں بھی سونے کے تمغے حاصل کر چکی ہیں۔سرینا ولیمز آخری بار 2022 کے یو ایس اوپن میں گرینڈ سلیم سطح پر کھیلتی نظر آئی تھیں، جس کے بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اس سال انہوں نے واپسی کا اعلان کیا اور اب ومبلڈن میں ایک مرتبہ پھر اپنی مشہور شراکت دار وینس ولیمز کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔