عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے کل کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر منصفانہ مواقع فراہم کرنے کے لئے پْر عزم ہے جبکہ ملازمین کو بھی ادارہ جاتی ترقی اور مؤثر عوامی خدمات کی فراہمی کے لئے میرٹ کی بنیاد پر ترقی دی جا رہی ہے۔ ایس سی اِی آر ٹی آڈیٹوریم بمنہ میں محکمہ سکولی تعلیم کے پچیس کنٹی جنٹ پیڈ ورکرز (سی پی ڈبلیوز) میں ملٹی ٹاسکنگ سٹاف (ایم ٹی ایس) کے طور پر ریگولرائز کرنے اور چودہ لیبارٹری اسسٹنٹوں کو اَساتذہ کے طور پر ترقی کے احکامات تقسیم کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے اِس بات کو اْجاگر کیاکہ ملازمین کسی بھی ادارے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کی محنت و لگن طلبا? کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے بڑے مقصد کے حصول میں اہم کردار اَدا کرتی ہے۔
اْنہوں نے کہا کہ شفاف اور میرٹ پر مبنی ترقیات نہ صرف ملازمین کی محنت کا اعتراف ہیں بلکہ انہیں ادارہ جاتی ترقی اور عوامی خدمات کی بہتر فراہمی کے لئے مزید مؤثر انداز میں کام کرنے کی ترغیب بھی دیتی ہیں۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کے مشیرناصر اسلم وانی نے اس اقدام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعدد ملازمین 25 سے 27 سال سے زائد عرصے سے ریگولرائزیشن کے منتظر تھے۔اِس سے قبل وزیر سکینہ اِیتو اور مشیرناصر اسلم وانی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہونہار طلبا اور بی پی ایل کنبوں سے تعلق رکھنے والے ذہین طالب علموں میں سائیکلیں بھی تقسیم کیں۔