راجوری//ضلع انتظامیہ راجوری نے سرکیولرروڈ ، دومختلف پارکوں اورایک کمیونٹی ہال کے اہم پروجیکٹوں کے کام کوہاتھ میں لیا،اس کے علاوہ کئی دیگرترقیاتی پروجیکٹوں مثلاً ایتی کے مقام پرپل کی تعمیر، بیلاکالونی تاایتی براہ راست رابطہ سڑک اورنئے بس اڈے سے آئی ٹی آئی راجوری متبادل سڑک پربھی ترقیاتی کام شدومدسے جاری ہے۔ضلع انتظامیہ راجوری کے مطابق انتظامیہ نے ایک بڑے ڈریم پروجیکٹ سرکیولرروڈ راجوری کاکام حال ہی میں محکمہ دیہی ترقی نے عبداللہ پل سے شروع کیاہے جو آنند پورآشرم سے گذرتے ہوئے طارق برج سے ہوکر راجوری قصبے میں پہنچے گاجوکہ ایک متبادل راستہ ہوگا۔انتظامیہ کے افسران کے مطابق دوکلومیٹرسڑک کیلئے رقومات منظورکردی گئی ہیں۔انتظامیہ نے مزیدبتایاکہ گذشتہ ہفتے بھی ایک دیگراہم پروجیکٹوں پرکام شروع کروایاگیاہے جن میں ایک پارک اور کمیونٹی ہال کی تعمیرکاکام شامل ہے۔پارک 18 کنال اراضی پربنے گاجبکہ کمیونٹی ہال پر2.56کروڑروپے صرف ہوں گے۔اس کے علاوہ تیسراپروجیکٹ بیلاکالونی میں پارک کی تعمیرکاکام ہے جوکہ 35کنال اراضی پربنے گااوراس کی تکمیل کیلئے 31 مارچ کی تاریخ مقررہے۔ضلع انتظامیہ کاکہناہے کہ ان پروجیکٹوں کی تکمیل سے لوگوں کی دیرینہ مانگیں پوری ہوں گی۔اس سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنرراجوری ڈاکٹرشاہداقبال چوہدری نے پروجیکٹوں کے کام شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ ضلع انتظامیہ کی ترجیح تمام پروجیکٹوںکووقت مقررہ کے اندرمکمل کرناہے۔