عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اسپیشل کرائم ونگ کشمیر نے کئی لاکھ سرکاری ملازمت کے فراڈ کیس کے سلسلے میں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سری نگر کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے جاری کرد ہ بیان کے مطابق چارج شیٹ ایف آئی آر نمبر 09/2019مختلف دفعات کے تحت تین ملزمان کے خلاف فیاض احمد خان ساکنہ ملورہ شالٹینگ سرینگر، شوکت احمد شاہ ساکنہ شانزی پورہ ہند وارہ اور اویس احمد شاہ کے خلاف درج کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ پلوامہ کے لوگوں کی طرف سے درج کرائی گئی ایک شکایت سے پیدا ہوا ہے، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ملزمان نے ان کے بچوں اور رشتہ داروں کو سرکاری ملازمتیں دلانے کے بہانے ان سے لاکھوں روپے کا دھوکہ کیا۔بیان کے مطابق تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے مجرمانہ سازش میں کام کرتے ہوئے بااثر عہدیداروں کا روپ دھارا اور محکمہ جنگلات سے مبینہ طور پر جعلی تقرری کے احکامات جاری کئے۔ ان دستاویزات کی بعد میں تصدیق کی گئی اور انہیں جعلی پایا گیا۔ملزم نے مبینہ طور پر سرکاری ملازمت میں ”بیک ڈور انٹری” کا انتظام کرنے کی آڑ میں متاثرین سے نقد رقم کی بھاری رقم اکٹھی کی تھی۔حکام نے بتایا کہ چالان اب عدالتی فیصلہ کے لیے مجاز عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔