بلال فرقانی
سرینگر// حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ سال 2025 کے سالانہ جائیداد گوشوارے آن لائن پراپرٹی ریٹرن سسٹم (پی آر ایس) پورٹل کے ذریعے مقررہ مدت کے اندر جمع کرائیں۔ ملازمین کے اثاثہ جات کے انکشاف سے متعلق قانون، 1983 کی دفعہ 9 کی ذیلی دفعہ (2) کے تحت ہر سرکاری ملازم پر لازم ہے کہ وہ ہر سال ماہِ جنوری میں اپنے اور اپنے اہلِ خانہ کے تمام اثاثہ جات (جائیداد) کی تفصیلات جمع کرائے اور جائیداد میں کسی بھی اضافے کی صورت میں اس کی وجوہات اور آمدنی کا ذریعہ بھی واضح کرے۔حکومت نے واضح کیا ہے کہ بلا جواز جائیداد گوشوارے جمع نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ قانون اور قواعد کے تحت جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ مزید یہ کہ سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانا انسداد کرپشن ایکٹ کے تحت مجرمانہ بدعنوانی کے زمرے میں آ سکتا ہے، جس پر سزا بھی دی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ایسے ملازمین کو ویجی لنس کلیئرنس سے بھی محروم رکھا جائے گا۔سرکاری ملازمین کی سہولت کیلئے حکومت نے جائیداد گوشواروں کی آن لائن فراہمی لازمی قرار دی ہے۔ ملازمین یکم جنوری 2026 سے 31 جنوری 2026 تک پراپرٹی ریٹرن سسٹم (پی آر ایس) پورٹل کے ذریعے اپنے گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں، جس کے بعد پورٹل خود بخود بند ہو جائے گا۔حکومت نے تنخواہ و دیگر مالی معمالات کی تقسیم و واگزار کرنے والے افسراں کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے ماتحت تمام ملازمین کی پورٹل پر رجسٹریشن کو یقینی بنائیں اور مقررہ مدت کے اندر سو فیصد جائیداد گوشوارے جمع کرائے جائیں۔سرکیولرمیں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ مقررہ آخری تاریخ کے بعد کسی قسم کی توسیع نہیں دی جائے گی کیونکہ پورٹل 31 جنوری 2026 کے بعد خودکار طور پر بند ہو جائے گا۔