سرینگر// جموں کشمیر انتظامیہ نے تمام انتظامی سیکریٹریوں اور محکموں کے سربراہان کو30نومبر تک اپنے محکموں میں کام کرنے والے ملازمین کے ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کرنے اور تعمیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عمومی انتظامی محکمہ کی جانب سے جاری سرکیولر میں کہا گیا’’حکومت سرکاری ملازمین کے تعارف کو آسان بنانے کیلئے مختلف ملازم دوست اصلاحات متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس میں اہم طور پر جائیداد ،ریٹرن اور سالانہ کارکردگی رپورٹ( اے پی آر) کی ای فائلنگ شامل ہیں‘‘۔ سرکیولر میں کہا گیا کہ ان اصلاحات کے کامیاب نفاذ کیلئے ملازمین کا درست معلوماتی ڈیٹا بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ کمشنر سیکریٹری جنرل ا یڈمنسٹریشن محکمہ کے سرکیولر میں کہا گیا ہے’’ مختلف محکموں میں کام کرنے والے ملازمین کے بنیادی ڈیٹا کو اس سلسلے میں بار بار ہدایات کے باوجود ابھی تک اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا ہے، جو کہ ان اقدامات کو متعارف کرانے میں رکاوٹ بن رہا ہے اور حکام نے اسے سنجیدگی سے دیکھا ہے‘‘۔ تمام انتظامی سیکریٹریوں اور محکموں کے سربراہان کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ 30 نومبر 2021 تک یا اس سے پہلے اپنے محکموں میں کام کرنے والے تمام افسران و ملازمین کے ڈیٹا کی اپ ڈیٹ کو یقینی بنائیں۔ سرکیولر میںمزید بتایا گیا ہے کہ تمام ملازمین اپنی تفصیلات چیک کریں اور اپنے مرکزی ذاتی معلوماتی نظام( سی پی آئی ایس) کومتعلقہ ڈی ڈی او کے ساتھ فوری طور پر اپ ڈیٹکریں۔ اس معاملے میں کارروائی کی رپورٹ25نومبر2021تک جی اے ڈی کو پیش کی جائے۔