پونچھ//پونچھ قصبہ میں مختلف سرکاری عمارتوں میں لوگوں نے غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے جس کو بروقت ہٹانے کی ضرورت ہے،ان باتوں کا اظہار ایک پریس کانفرنس کے دوران پیوپلس فورم کے صدر ایڈوکیٹ سنجے رینا نے کیا۔انہوں نے کہا کہ پونچھ میں محکمہ زراعت کی ایک عمارت ہے جو بیکار پڑی ہوئی ہے اس میں کچھ لوگوں نے ناجائز قبضہ کر کے اس میں اپنے مال مویشی باندھ رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسوقت جب کوڈ 19کے ساتھ جنگ لڑتے ہوئے انتظامیہ نجی عمارتوں کو کرایہ پر لے کر ان میں کوڈ کئر سینٹر بنارہے ہیں۔رقومات کو کرائے کی عمارتوں پر خرچ کرنے کے بجائے ان عمارتوں کو جو استعمال میں نہیں ہیں کی مرمتی پر خرچ کرنا چاہئے تاکہ یہ عمارتیں قابل استعمال بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ قصبہ میں محکمہ ذراعت کی اس عمارت کو پانچ سو بستروں کا کوڈ کئیر سنٹر بنایاجا سکتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب جب ضلع ترقیاتی کمشنرکے نوٹس میں یہ بات لائی جا رہی ہے تو وہ فوری کاروائی کر کے اس سرکاری عمارت کا صحیح استعمال کریں گے اور وہاں ایک اچھا اور معیاری کوڈ سینٹر بنایا جائے گا جہاں پونچھ کے کورونا مثبت مریضوں کا اچھا علاج معالجہ ہوگا۔