سرینگر//سرکاری محکموں میں بھرتی کرنی والی ایجنسی سروس سلیکشن بورڈ نے” اوپن میرٹ اور سی بی ٹی“ کی مختلف اسامیوں کیلئے24مئی سے31مئی تک ہونے والے امتحانات کو موخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سروس سلیکشن بورڈ کے سیکریٹری سیچن جموال کی جانب سے پیر کو جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ سروس سلیکشن بورڈ کی نوٹس، جو 8اپریل2021کو جاری کی گئی تھی اور جس میں ایو ایم آر و سی بی ٹی کی مختلف اسامیوں کے امتحانات کی نشاندہی کی گئی تھی،جموں کشمیر میں کورونا سے متعلق کیسوں میں مسلسل اضافہ ہونے سے ابھرتی صورتحال کے پیش نظر بندشیں عاید کی گئی ہیں، لہٰذاسروس سلیکشن بورڈ کا ماننا ہے کہ لاک ڈاﺅن،بندشوں،سماجی فاصلہ اپنانے،صحت سے متعلق خدشات اور دیگر صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے مشتہر شدہ تاریخوں پر امتحانات لینا ٹھیک نہیں ہے۔ سروس سلکشن بورڈ کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے24 سے31مئی سے جو امتحانات لئے جانے والے تھے ،مزید اطلاعات تک ان کو موخر کیا جاتا ہے۔