بلال فرقانی
سرینگر//جموں و کشمیر میں درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ اور چلہ کلان کے دوران ممکنہ بارش و برف باری کی بڑھتی شدت اور سخت موسمی حالات کے درمیان حکومت نے سردیوں کے دوران سڑکوں کی میکڈمائزیشن کے لیے ایک جامع اور تکنیکی بنیادوں پر مبنی معیاری عملیاتی طریقہ کار تیار کرنے کی غرض سے سنیئر ترین انجینئروں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔4 رکنی کمیٹی کی سربراہی ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشنز اینڈ کالٹی کنٹرول کے سپرانٹنڈنٹ انجینئر پرشوتم کمار کو سونپی گئی ہے جبکہ دیگر ممبران میں ایگزیکٹو انجینئر گاندربل، انجینئرعارف محمد؛ اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ لار سب ڈویژن گاندربل، انجینئر قیصر عبداللہ اور اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر زون سینٹرل کشمیر، انجینئر دانش اقبال شامل ہیں۔ یہ کمیٹی سردیوں میں سڑکوں کی میکڈمائزیشن سے جڑے تمام تکنیکی اور موسمی پہلوؤں کا سنجیدہ اور سائنسی تجزیہ کرے گی۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فیلڈ ڈویژنوں میں رائج طریقہ کار، درجہ حرارت میں کمی کے اثرات، نمی جذب کرنے، بٹومین بائنڈر کے معیار، اور برفانی علاقوں میں دراڑوں کے فوری نمودار ہونے جیسے مسائل کا تفصیلی مطالعہ کرے۔ کمیٹی کو اپنی سفارشات 15 دن کے اندر انتظامی محکمے کو پیش کرنا ہوں گی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ نئے معیاری عملیاتی طریقہ کار سے نہ صرف سڑکوں کی پائیداری میں اضافہ ہوگا بلکہ سخت موسم میں عوام کی آمدورفت بھی بہتر طریقے سے یقینی بنائی جا سکے گی۔