سرینگر// محکمہ تعلیم نے ڈیوٹی سے غیر حاضر ہونے کی پاداش میں2استانیوں سمیت4مدرسین کو نوکریوں سے برطرف کیا ہے۔ صوبہ کشمیر میں محکمہ تعلیم نے ایسے4اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کی جو برسوں سے اپنی ڈیوٹیوں سے غیر حاضر رہے ہیں۔ ان میں 2خواتین ٹیچر بھی شامل ہیں۔ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن نے اپنی نوٹیفکیشن میں اساتذہ کو برطرف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اساتذہ کئی برسوںسے غیر حاضر رہے ہیں اور انہوں نے محکموں کے نوٹس کا جواب نہیں دیا جس کے بعد انہیں ملازمت سے برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جن مدرسین کو نوکریوں سے برطرف کیا گیا ان میں بارہمولہ کے مڈل اسکول مرن ٹنگواری میں تعینات استانی الکا ٹاک شامل ہیں ،جو 25 ستمبر 2015 سے اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر تھیں۔اس فہرست میں بارہمولہ ضلع میں پروبیشن پرتعینات استانی روبینہ ککرو بھی شامل ہیں جو یکم اکتوبر 2011 سے اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر ہے۔ حکم نامہ کے مطابق نو نر گاندربل کے استادوسیم گل بھی اس فہرست میں شامل ہے جو3 مارچ 2014 سے غیر حاضر ہیں۔ جنوبی ضلع اننت ناگ ضلع میں ڈلوچھ میں تعینات استاداجے بھٹ کو بھی برطرف کیا گیا ہے جو 4 مارچ 2019 سے غیر حاضر تھے۔