بھدرواہ //سالانہ مچیل یاترا کے لئے ہزاروں کی تعداد میں ریاست کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے شردھالووں ہفتہ کے روز چنڈی ماتا مندر چنوٹ، بھدرواہ میں اکٹھا ہوئے،چھڑی مبارک بنیادی کیمپ واقع چنوٹ بھدرواہ سے ہر سال کی طرح 18 اگست کو روانہ ہوئی اور مچیلپاڈر پہنچ کر یاترا 25اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔اس یاترا میں ریاست اور بیرون ریاست کے مختلف حصوں سے تقریباً 14000 یاتری اس یاترا میں شرکت کر رہے ہیں۔220 گاڑیوں بشمول بسوں ،کاروں اور میٹا ڈاروں میں سوار یاتری پہلے مرحلہ میں کشتواڑ پہنچے گی اور اگلے روز یعنی کہ19 اگست کو یاترا اپنے دوسرے پڑائو کے لئے اتھولی کی جانب روانہ ہوگی۔ایم ایل سی بھدرواہ نریش کمار گپتا، اے ڈی سی بھدرواہ پون کمار پریہار، سی ای او بی ڈی اے راجندر پرساد کھجوریہ ،اے ایس پی راجندر سنگھ ،ایس ایچ او منیر خان و دیگر افسروں کے علاوہ مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعدادنے یاتریوں کو گرمجوشی سے روانہ کیا۔یاترا خوش اسلوبی سے منعقد کرنے کیلئے سیکورٹی کے معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔بھدرواہ سے کشتواڑ تک کے راستے پر جے کے پی، جے کے اے پی اور سی آر پی ایف کے دستے تعینات کئے گئے ہیں۔لنگر کمیٹی کی جانب سے تما م پڑائوں پر لنگر قائم کئے گئے ہیں۔