عظمیٰ نیوزسروس
جموں // 03جولائی سے شروع ہو رہی سالانہ امرناتھ یاترا کے سلسلے میں جموں صوبے میں بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے جس دوران کئی مقامات پر اضافی چوکیاں قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ فورسز کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔سالانہ امرناتھ یاترا سے قبل جموں میں سکورٹی کے اضافی بند و بست کئے گئے ہیں جبکہ کچھ مقامات پر اضافی چوکیاں قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ یاترا سے قبل پولیس سے کہا گیا ہے کہ وہ یاتریوں کی حفاظت کیلئے جموں، سانبہ اور کٹھوعہ کے سرحدی اضلاع میں مزید چوکیاں قائم کرنے کیلئے مقامات کی نشاندہی کرے۔خیال رہے کہ 38 دن طویل یاترا 3 جولائی سے شروع ہونے والی ہے ۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ افسران کو تمام ناکے (چیکنگ پوائنٹس) کو مضبوط کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، خاص طور پر رات کے اوقات میں۔
انہیں ان جگہوں کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی جہاں یاتریوں کی حفاظت کیلئے مزید ناکے قائم کیے جاسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان باتوں کا ذکر ڈپٹی انسپکٹر جنرل جموںسانبہ کھٹوعہ رینج نے بیس کیمپ، قیام گاہوں، یاترا کے راستے، سی سی ٹی وی تنصیبات اور پارکنگ ایریاز میں مختلف پولیس اور نیم فوجی دستوں کی تعیناتیوں کے سیکورٹی آڈٹ کے دوران پولیس افسران کو بتائی۔ترجمان نے بتایا کہ شرما نے رام مندر پرانی منڈی، گیتا بھون پریڈ، بھگوتی نگر کے بیس کیمپ، مختلف راستوں اور ہائی وے کا سیکورٹی جائزہ لیا۔انہوں نے جموں میں رام مندر پرانی منڈی میں تعینات سی آئی ایس ایف کے افسران اور سیکورٹی اہلکاروں سے بھی بات چیت کی اور انہیں اپنی پوسٹوں پر اضافی چوکس رہنے کی ہدایت کی۔