یو این آئی
نئی دہلی /میدان کوئی بھی ہو، ان ستاروں کی چمک نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا؛ ریکارڈز زمیں بوس ہوئے ، تاریخ نے نیا موڑ لیا اور عالمی کھیلوں کے افق پر نئے چیمپئنز طلوع ہوئے ۔ یہ وہ لمحات تھے جب تماشائیوں کی سانسیں تھم گئیں، کامیابی نے عزم و محنت کے سامنے سر جھکا دیا۔ 2025 نے ثابت کر دیا کہ جب حوصلہ حدوں کو چھو لے تو کھیل، تاریخ بن جایا کرتا ہے ۔
1.عثمان ڈیمبیلے (فرانس، فٹ بال)
فرانسیسی مسلم اسٹرائیکر عثمان ڈیمبیلے کے لیے یہ سال کسی خواب سے کم نہ تھا۔ پی ایس جی (PSG) کے لیے 35 گولز داغ کر انہوں نے ٹیم کو پہلی بار چیمپئنز لیگ جتوائی۔ ان کی غیر معمولی کارکردگی پر انہیں بیلن ڈی اور (Ballon d’Or) اور فیفا کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔
2. کارلوس الکاریز (اسپین، ٹینس)
ٹینس کی دنیا میں اسپین کے کارلوس الکاریز کا طوطی بول رہا ہے ۔ فرنچ اوپن اور یو ایس اوپن جیت کر وہ سال کے اختتام پر نمبر 1 پوزیشن پر براجمان رہے ۔ 71 فتوحات اور محض 9 شکستوں کے ساتھ ان کا یہ سال بے مثال رہا، جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 6 گرینڈ سلیم ٹائٹلز کا ہندسہ عبور کیا۔
3. ایلیا مالینن (امریکہ، فگر اسکیٹنگ)
فگر اسکیٹنگ میں امریکہ کے ایلیا مالینن نے وہ کر دکھایا جو آج تک کوئی نہ کر سکا۔ وہ تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے ایک ہی پروگرام میں سات ‘کواڈروپل جمپس’ (Quadruple Jumps) لگا کر 238.24 پوائنٹس کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
4. چن یوشی (چین، ڈائیونگ)
چین کی چن یوشی نے ورلڈ ایکواٹک چیمپئن شپ میں تین گولڈ میڈلز جیت کر ڈائیونگ کی تاریخ بدل دی۔ وہ لگاتار چار بار انفرادی ورلڈ ٹائٹل جیتنے والی دنیا کی پہلی ڈائیور بن گئیں۔ ان کی اس شاندار کارکردگی پر انہیں ‘فی میل ڈائیونگ ایتھلیٹ آف دی ایئر’ قرار دیا گیا۔
5. ارمانڈ ڈوپلانٹس (سویڈن، ایتھلیٹکس)
پول والٹ کے بے تاج بادشاہ ارمانڈ ڈوپلانٹس نے 2025 میں چار بار اپنا ہی عالمی ریکارڈ توڑا۔ ٹوکیو میں 6.30 میٹر کی بلندی عبور کر کے انہوں نے ثابت کیا کہ ان کا مقابلہ صرف خود سے ہے ۔ وہ اس سیزن میں تمام 16 مقابلوں میں ناقابلِ شکست رہے اور ‘ورلڈ ایتھلیٹ آف دی ایئر’ منتخب ہوئے ۔
6. فیتھ کیپیگون (کینیا، ایتھلیٹکس)
کینیا کی فیتھ کیپیگون نے خواتین کی 1500 میٹر دوڑ میں اپنی حکمرانی برقرار رکھی۔ انہوں نے نہ صرف مسلسل تیسرا عالمی خطاب جیتا بلکہ 3:48.68 کے وقت کے ساتھ اپنا ہی عالمی ریکارڈ پاش پاش کر دیا۔
7. سمر میکنٹوش (کینیڈا، تیراکی)
کناڈا کی تیراک سمر میکنٹوش نے پول میں آگ لگا دی۔ انہوں نے 200 اور 400 میٹر کے مختلف مقابلوں میں عالمی ریکارڈز قائم کیے اور سنگاپور میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ میں چار گولڈ میڈلز اپنے نام کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔
8. تدیج پوگاچر (سلووینیا، سائیکلنگ)
سائیکلنگ کی دنیا میں تدیج پوگاچر نے چوتھی بار ‘ٹور ڈی فرانس’ جیت کر اپنی برتری ثابت کر دی۔ اس کے علاوہ انہوں نے روانڈا میں ورلڈ چیمپئن شپ اور فرانس میں یورپی چیمپئن شپ جیت کر اپنی فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
9. شائی گلجیئس الیگزینڈر (کینیڈا، باسکٹ بال)
باسکٹ بال کے میدان میں شائی نے اوکلاہوما سٹی تھنڈر کو این بی اے (NBA) چیمپئن بنا دیا۔ وہ باسکٹ بال کی تاریخ کے چوتھے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے ایک ہی سیزن میں ایم وی پی (MVP)، اسکورنگ ٹائٹل اور فائنلز ایم وی پی کے تمام اعزازات سمیٹے ۔
10. لینڈو نورس (برطانیہ، فارمولا ون)
برطانوی ڈرائیور لینڈو نورس نے میکس ورسٹاپن کی چار سالہ بالادستی کا خاتمہ کرتے ہوئے اپنی پہلی فارمولا ون ورلڈ چیمپئن شپ جیت لی۔ 7 فتوحات اور 18 بار پوڈیم پر جگہ بنا کر انہوں نے ثابت کیا کہ وہ رفتار کے نئے سلطان ہیں۔ ان کی اس کامیابی نے میک لارن کو کنسٹرکٹرز چیمپئن شپ برقرار رکھنے میں بھی مدد دی۔