پونچھ// بلاک ساتھرہ کی پنچایت دھڑہ فتح پور، کہنوں کلانی اور دیگر علاقوں میں پانی کا بحران ہے ۔ ماہ صیام میں خواتین کو پانی کیلئے کئی کئی کلومیٹر سفر کرنا پڑتا ہے جبکہ مال مویشی کے لئے لوگ کو پانی خرید نے پر مجبور ہیں۔اس سلسلہ میں یوتھ نیشنل کانفرنس بلاک صدر ساتھرہ خالد کرمانی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیاگیاجہاں مظاہرین نے حکومت مخالف نعرے بازی کر کے اپنے غم وغصہ کا اظہار کیا ۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ حکومت لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔خالدکرمانی نے کہا کہ انکے علاقہ میں سابق سرکار کی طرف سے لفٹ سکیم منظور کی گئی تھی مگر موجودہ سرکار آج تک اس کو کام میں نہ لاسکی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ اگر لفٹ سکیم کو صحیح ڈھنگ سے چلایا جائے تو تین پنچایتوں میں پانی کی کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار دیکھنے کو مل رہا ہے کہ لوگ ٹاٹا موبائل والوں سے پانی خریدرہے ہیں اور وہ بھی ہزار لیٹر کی ٹینکی کو بھرنے کا غریب عوام سے پندرہ سو رپے لیاجارہاہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ محکمہ پی ایچ ای پانی کے ٹینکر لگا کر عوام کو پانی دستیاب کرے اوراگر پانی کے بحران پر قابو نہ پایاگیاتو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے ۔