جموں//سابق مخلوط سرکار میں شامل پی ڈی پی اور بی جے پی پر منافرت کے بیج بونے کا الزام لگاتے ہوئے نیشنل کانفرنس سٹیٹ سیکرٹری رتن لال گپتا نے آج کہا کہ ان دونوں جماعتوں نے ہوس اقتدار میں گٹھ جوڑ کیا تھا اور وہ تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہو نے کے ایجنڈہ کو آگے بڑھاتے رہے ۔ پارٹی کارکنوں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے گپتا نے کہا کہ دونوں موقعہ پر ست جماعتوں نے اقتدار کی چاہ میں الائنس تو کر لیا لیکن وہ عوامی خواہشات پر پورا اترنے میں پوری طرح ناکام رہیں اور ریاست کو غیر یقینی کے اندھے غار میں دھکیل دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور پی ڈی پی نے ریاست کو پشت بہ دیوار کر دیا ہے لیکن اب دونوں جماعتیں مگر مچھ کے آنسو بہا رہی ہیںتاکہ اپنی کھوئی ہوئی سیاسی ساکھ کو بحال کرنے کی ناکام کوشش کی جا سکے ۔ گپتا نے کہا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی جموں ، کشمیر اور لداخ میں بے نقاب ہو چکی ہیں لیکن اب اقتدار کھونے کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ان جماعتوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ این سی لیڈر نے گورنر انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے فوری طور پر ٹھوس اقدامات کریں کیوں کہ پچھلے ساڑھے تین برس کی بد نظمی نے ریاست کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے ،خاص کر صوبہ جموں کے لوگوں کو بجلی اور پانی سمیت بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہو پا رہی ہیں۔ موجودہ گرما کے موسم میں بھی لوگ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی اور پانی کی قلت کی وجہ سے مشکلات میں پھنسے ہوئے ہیں ۔