گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے محکمہ مال کی ایک میٹنگ کی صدارت کی تاکہ زیڈ موڈ، زوجیلہ ٹنل منصوبوں کے حصولِ اَراضی کے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔دورانِ میٹنگ دونوں پروجیکٹوں سے متعلق حصولِ اراضی کے مختلف مسائل پر سیر حاصل بحث ہوئی اور ڈپٹی کمشنر نے تمام حصولِ اراضی کے معاملات کی تفصیلات طلب کیں۔ میٹنگ میں جن معاملات پر تبادلہ خیال ہوا ان میں کریپر لین کے لئے زمین کا حصول ، کولان میں ماک ڈمپنگ اراضی کے لئے رقم کی ادائیگی ، درختوں کے لئے ادائیگی ، ڈھانچے اور کریپر درختوں میں یوٹیلیٹی شفٹ ، ڈمپنگ سائٹ کے قریب تجاوزات کے مسائل اور مالکان زمین کو معاوضے کی تقسیم اور اِجازت کوکران اور رنگانالہ سے پتھر نکالنا شامل ہے۔اے سی آر نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو دونوں پروجیکٹوں کے زیر اِلتوأ حصولِ اراضی کی موجودہ صورتحال سے متعلق جانکاری دی اور کہا کہ زمین کے حصول کے بیشتر معاملات میں پی این سی کی گئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے موک ڈمپنگ کے قریب تجاوزات کے حوالے سے تحصیلدار گنڈ کو ہدایت دی کہ وہ سائٹ کا دورہ کر یں اور قانون کے تحت تجاوز کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کریں۔اُنہوں نے زمین کے مالکان کو معاوضے کی تقسیم پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ تمام رسمی عمل مکمل کرنے کے بعد جلد از جلد ادائیگی کا عمل شروع کیا جائے۔ڈی سی نے متعلقین کو ہدایت دی کہ تمام زیر اِلتوا ٔمعاملات اور دونوں پروجیکٹوں کے دیگر ریونیو مسائل کو جلد تکمیل کے لئے بروقت حل کیا جائے۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فاروق احمد بابا، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو عبدالبصیر ، تحصیلدار گنڈ اور این ایچ آئی ڈی سی ایل کے اَفسران نے شرکت کی۔