بانہال//جمعہ کی سہہ پہر بعد بانہال کے اوپری علاقے میں کالے ریچھ کے ایک حملے میں ایک شخص شدید طور زخمی ہوا ہے اور اسے ایمرجنسی ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا ہے اور اس کا علاج چل رہا ہے۔انچارج وائلڈ لائف بانہال نجم الدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کی سہ پہر بعد قریب ساڑھے تین بجے بانہال کے چنجلو علاقے میں ریچھ کے ایک حملے میں ایک درمیانہ عمر کا شخص زخمی ہوا ہے۔ انہوں نے اس کی شناخت عبدالوحید زوہدہ عمر 45 سال ولد عبدالحمید زوہدہ ساکنہ چنجلو بانہال کے طور کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ شخص چنجلو کے اوپری علاقوں میں جارہا تھا کہ وہاں ایک کالا ریچھ اچانک نمودار ہوا اور عبدالوحید پر حملہ آور ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ نزدیکی لوگوں کی بچا ﺅکاروائیوں کے بعد ریچھ زخمی شخص کو وہیں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالوحید کے چہرے اور سر پر زخم آئے ہیں اور اسے بانہال ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ محکمہ جنگلی حیات نے عوام سے اپیل کی ہے وہ جنگلی جانوروں سے تصادم سے بچنے کیلئے نہایت ہی احتیاط برتیں اور جنگلی جانوروں سے سامنے کی صورت میں شور شرابے اور حملے سے احتراز کریں۔