عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نے منتخب حکومت کی گورننس میں ناکامی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ ریزرویشن پالیسی کو انتہائی غیر منصفانہ اور استحصال کا ایک ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ آبادی کے تناسب کی بنیاد پر نئی پالیسی متعارف کرانے میں مزید تاخیر نہ کرے۔ موصولہ بیان کے مطابق بخاری پارٹی صدر دفتر پر ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے جہاںسوپور اور بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے کئی سیاسی اور سماجی کارکنان نے منگل کو اپنی پارٹی میں باضابطہ شمولیت اختیار کی۔یہ سبھی لیڈران اور کارکنان پہلے پی ڈی پی اوراین سی جیسی سیاسی جماعتوں سے وابستہ تھے۔
پارٹی سربراہ الطاف بخاری نے دیگر سینئر رہنمائوں نے نئے اراکین کا استقبال کیا۔ پارٹی قیادت نے امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے متعلقہ علاقوں میں پارٹی کو مزید تقویت ملے گی۔اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں سابق ٹائون صدر پی ڈی پی زبیر احمد ڈار، نائب ٹائون صدر پی ڈی پی شوکت احمد ڈار، سابق سینئر ورکر این سی ظہور احمد میر، سینئر ورکر این سی نثار احمد پنڈت، سابق انجینئر جے کے پی سی سی لیاقت کابو، سابق این سی کارکن غلام حسن ڈار، اور سابق این سی کارکن محمد اکبر اور دیگر اشخاص شامل ہیں۔ ان سبھی اشخاص کا تعلق سوپور سے ہے۔ بارہمولہ سے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوںمیں سماجی کارکن منصور بیگ، نثار آخون اور دیگر اشخاص شامل ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے نئے شامل ہونے والوں کا استقبال کیا اور انہیں یقین دلایا کہ اپنی پارٹی ان کیلئے اپنے اپنے علاقوں میں عوام کی خدمت کیلئے ایک قابل اعتماد پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا’’ اپنی پارٹی یہاں لوگوں کی خدمت کیلئے موجود ہے اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ پلیٹ فارم آپ کو اپنے علاقوں میں عوام کے لیے کام کرنے کے وافر مواقع فراہم کرے گا۔ میں آپ کو تہہ دل سے خوش آمدید کہتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ آپ کی پارٹی میں شمولیت سے سوپور اور بارہمولہ جیسے مقامات پر ہمارے پارٹی کو مزید تقویت ملے گی‘‘۔بخاری نے پارٹی کے ایجنڈے اور پالیسیوں کی وضاحت کی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو درپیش مسائل کے بارے میں بتایا۔