جموں//ریاستی انتظامی کو نسل اجلاس میں جموں اینڈ کشمیر ریزرویشن ایکٹ2014 میں ترامیم کے ڈرافٹ کو منظوری دی گئی۔ایکٹ کی بدولت بین الاقوامی سرحد کے نزدیک رہنے والے افراد کو بھی ریزرویشن کے فوائد حاصل ہوں گے۔بین الاقوامی سرحد کے نزدیک جموں صوبہ میں350 دیہات میں تقریباً3 لاکھ نفوس رہائش پذیر ہیں۔اس مانگ کا بیکورڈ کلاسز کے ریاستی کمیشن کی مشاورت سے جائیزہ لیا گیا تھا۔جائیزے کے بعد یہ پایا گیا تھا کہ بین الاقوامی سرحد کے نزدیک رہنے والے لوگوں کو حقیقی لائین آف کنٹرول کے نزدیک رہنے والے عوام کی طرح ریزرویشن دی جانی چاہئے ۔ البتہ مذکورہ کمیشن کی سفارشات کے مطابق ریزرویشن کے دائرے میں بین الاقوامی سرحد سے6 کلو میٹر کی دُوری تک کے دیہات کو لایا جائے گا جنہیں آرڈی نینس جاری کئے جانے کے بعد مشتہر کیاجائے گا۔موجودہ ریزرویشن قوانین کے مطابق ایل او سی اور حقیقی لائین آف کنٹرول کے نزدیک رہنے والے عوام کو پیشہ وارانہ اداروں میں داخلے کیلئے تین فیصد ریزرویشن فراہم کی جاتی ہے اور اس ترمیم کی بدولت اب بین الاقوامی سرحد کے نزدیک رہنے والے عوام کو کافی فائدہ ہوگا۔محکمہ سماجی بہبود ڈرافٹ ترمیم تیار کرے گا جسے مرکزی وزارت داخلہ کو بھیجا جائے گا۔