سرینگر//بجہباڑہ اننت ناگ اور کیرن کپواڑہ سے سرکردہ سیاسی کارکنان نے بدھ کو لالچوک میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری، نائب صدر ظفر اقبال منہاس، جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ضلع صدر کپوارہ راجہ منظور، صوبائی سیکریٹری جاوید مرچال،انچارج گاندربل جاوید احمد میر، انچارج بجبہاڑہ طارق شاہ ویری، ایڈوکیٹ راجہ شوکت، بلال عارف، مدثر احمد ڈار اور منظور احمد بھٹ موجود تھے۔ بجہاڑہ سے پارٹی میں شامل ہونے والوں میں غلام حیدر شاہ(کاؤنسلر بجبہاڑہ قصبہ)، فاروق احمد گنائی، منظور احمد زرگر، شبیر احمد بٹ، شبیر احمد شاہ، عبدالمجید، بشیر احمد ڈار، مشتاق احمد وانی، فیروز احمد شاہ، عاشق حسین شاہ، شیراز حسین وانی، فیاض احمد بھٹ، محمد اکرم بھٹ، محمد یوسف حجام، شوکت احمد ، نذیر احمد بٹ اور مشتاق احمد بٹ قابل ِ ذکر ہیں۔ حلقہ کیرن سے عبدالکبیر بٹ(پنچ کیرن)، خواجہ شیراز، عبدالحمید بٹ ،ضمیر احمد خان، حاجی الیاس خان، غلام محمد بٹ، فیروز بٹ اور حاجی منگتا لون اپنی پارٹی میں شامل ہوئے۔اس موقع پر ایک روزہ طویل کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے جموں وکشمیرکے اسٹیٹ ہڈ کی بحالی سے متعلق مختلف مقامی سیاسی لیڈران کی طرف سے کئے گئے تبصروں کی سخت نقطہ چینی کی۔انہوں نے کہا’’میں نے چند مقامی لیڈران کاکھوکھلاشعور سُناہے جو یہ کہتے ہیں کہ جموں وکشمیر نہیں چاہتا کہ ریاستی درجہ بحال کیاجائے، مجھے اُن کے ارادوں پر شک ہے، اب وہ کس کی ’اے ٹیم ‘بننا چاہتے ہیں‘‘۔انہوں (لیڈران)نے ہمیشہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے جذبات کے ساتھ کھیلا ہے اور اب میں سمجھتا ہوں کہ وہ ایسا پروپگنڈہ کر کے لوگوں کومزیدبرباد کرنے پر تلے ہیں‘‘۔انہوں نے کہاکہ وہ لیڈران جو آج مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں وہیں ذاتی مفادات کی حصولی کے لئے جموں وکشمیر کے امن اور خوشحالی کو تباہ کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ اس موقع پر پارٹی صدر نے نئے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی درجہ کی بحالی ہماری جماعت کا اہم مقصد ہے۔ بخاری نے کہا’’ ہماری جماعت ریاستی درجہ کی بحالی تک کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں چھوڑے گی، یہ میری جماعت کی طرف سے وعدہ ہے کہ ہم اِس معاملہ پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے ، حتی کہ کچھ لوگ خاموش رہ کر اِس پر اپنی رضامندی ظاہر کر رہے ہیں۔ نئے ساتھیوں نے بہتر ین سیاسی متبادل فراہم کرنے کے لئے پارٹی لیڈر شپ کا شکریہ ادا کیا اور متعلقہ علاقوں میں پارٹی کیڈر کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔