جموں//صحت عامہ محکمہ کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے ریاسی ضلع کے ڈھنسر کٹڑہ میں واٹر سپلائی سکیم کا معائینہ کر کے اس کے کام کاج کا جائیزہ لیا اورا سکیم کے مختلف سیکشنوں کا معائینہ کیا۔اس دوران ا نہیں بتایا گیا کہ مذکورہ پلانٹ سے کٹڑہ قصبے کے 50 ہزار سے زائد نفوس کو پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔ اس موقعہ پر فاروق شاہ نے کہا کہ ریاست میں آبی وسائل کی بہتات ہے جن کا تحفظ کرنا ہمارا نصب العین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے واٹر سپلائی سکیم کے ارد گرد صفائی ستھرائی کرنے کی ہدایت دی تا کہ پانی گندہ ہونے پائے ۔ کٹڑہ میں ہوٹل مالکان کے ایک وفد نے سیکرٹری موصوف کو بلا خلل پانی فراہم کرنے کی مانگ کی ۔ سیکرٹری نے وفد کی مانگوں پر ضروری کاروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ کٹڑہ قصبہ مذہبی لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہاں ملک بھر سے شردھالو ماتا ویشنو دیوی کے استھاپن پر آتے ہیں ۔ سیکرٹری نے محکمہ کے انجینئروں کی ایک میٹنگ میں ضلع میں زیر التوا تمام پروجیکٹوں کو وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہیں بتایا گیا کہ ضلع میں آٹھ پروجیکٹوں پر کام جاری ہے جن پر ابھی تک 54.30 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں جبکہ سات سکیموں کو اگلے سال مارچ تک مکمل کیا جائے گا ۔ سیکرٹری نے بعد میں پی ایچ ای سب ڈویژن کٹڑہ اور واٹر سپلائی سکیم جگر کا دورہ کر کے ان کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ اُن کے ہمراہ محکمہ کے کئی اعلیٰ افسران بھی تھے ۔