تھنہ منڈی//نیشنل کانفرنس کے سینئر صوبائی نائب صدر جموں بشیر احمد وانی نے کشمیر کے پلوامہ اور بانہال کے واقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسوقت جموں کشمیر میں مکمل مارشل لاء نافذ ہے ۔اپنے ایک پریس بیان میں انہوںنے کہاکہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ریاستی حکومت مفلوج بن کر رہ گئی ہو۔انہوںنے کہا کہ ریاستی سرکارنے تمام اختیارات فوج کو دے رکھے ہیںاورجسکو جہاں چاہے گولی کا نشانہ بنا یا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج نے پلوامہ میں کالج کے اندر داخل ہوکر طلبا و طالبات کو بے دردی سے مارا،انہیں پیلٹ گن کا نشانہ بنا یا گیااور شدید مضروب حالت میں اسوقت سینکڑوں طلباء ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانہال میں بھی پر امن مظاہرین پر فوج نے اندھا دھند لاٹھیاں برسائی جس سے درجنوں شہری زخمی ہوئے ۔انہوںنے کہاکہ ان واقعات کو دیکھ کر لگتاہے کہ حکومت مفلوج ہوچکی ہے اور لوگوں کی جان کی حفاظت کی اسے کوئی پرواہ نہیں ۔وانی نے کہاکہ ریاست میں عجیب قسم کا خوف ہے اور حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں ۔