یو این آئی
دبئی/سابق آسٹریلیائی کپتان رکی پونٹنگ نے آئی سی سی مینز ٹی-20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی مایوس کن کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے انتہائی ناقص قرار دیا ہے ۔ پونٹنگ کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے ہاتھوں شکست نے ٹورنامنٹ سے آسٹریلیا کے باہر ہونے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔رکی پونٹنگ نے ‘دی آئی سی سی ریویو’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تین میں سے صرف ایک میچ جیتنا آسٹریلیا جیسی ٹیم کے لیے شرمناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جوش ہیزل ووڈ، پیٹ کمنز اور ٹم ڈیوڈ کی مختلف مراحل پر عدم دستیابی نے ٹیم کا توازن بگاڑ دیا۔ پونٹنگ کے مطابق، یہ سوچنا بھی تکلیف دہ ہے کہ زمبابوے نے آئی سی سی ایونٹ میں آسٹریلیا کو آؤٹ پلے کر دیا۔سری لنکا کے خلاف محض 20 رنز پر 6 وکٹیں گنوانے جیسے لمحات نے ٹیم کی کمر توڑ دی۔دو بار ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان نے اعتراف کیا کہ آسٹریلیا کے باہر ہونے کے بعد انہیں اپنے ہندوستانی دوستوں کی جانب سے مذاق اور طنز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا،عام طور پر میں ہی وہ شخص ہوتا ہوں جو جوابی طنزیہ پیغامات بھیجتا ہے ، لیکن اس ٹورنامنٹ میں صورتحال بالکل مختلف ہے ، مجھے یہ سب برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔پونٹنگ نے 2028 کے ٹی-20 ورلڈ کپ (جس کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کریں گے ) کے لیے ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کی پیش گوئی کی ہے ۔پونٹنگ نے زور دے کر کہا کہ آئی سی سی ٹرافیاں جیتنا ہی کسی بھی کھلاڑی کے لیے سب سے بڑا مقصد ہوتا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ بہترین کھلاڑیوں کا وقت پر پرفارم نہ کرنا ہی اس ناکامی کی اصل وجہ بنا۔