جموں //پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی اور مونیٹرنگ روہت کنسل کی صدارت میں سول سیکرٹریٹ جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں دربار مؤ کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا گیا۔ ڈویثرنل کمشنر جموں سنجیو ورما، آئی جی پی جموں ایس ڈی ایس جموال، ڈپٹی کمشنر جموں رمیش کمار اور جے ایم سی، جی اے ڈی، اسٹیٹس، ایس آر ٹی سی، خوراک و شہری رسدات اور امور صارفین و عوامی تقسیم کاری، صحت، پی ڈی ڈی، پی ایچ ای، فلوری کلچر اور جے کے ٹی ڈی سے کے سینئر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔روہت کنسل نے آئی محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ سول سیکرٹریٹ جموں میں دفاتر کے کھلنے سے قبل تمام کمپیوٹروں کو نصب کرنے کے اقدامات کریں۔میٹنگ میں سیکرٹریٹ اور ملازمین کے رہایشی کوارٹروں کے لئے کئے جارہے سلامتی سے متعلق انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے اسٹیٹس محکمہ کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ دفتری ریکارڈ کو جموں منتقل کرنے اور ملازمین کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو یقینی بنائیں۔پرنسپل سیکرٹری نے محکمہ خوراک و شہری رسدات کو ہدایت دی کہ وہ جموں میں قیام کے دوران ملازمین کے لئے راشن کارڈ اور گیس کنکشن کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے اسٹیٹس اور جے ایم سی سے کہا کہ وہ ملازمین کی رہایشی کالونیوں کا دورہ کر کے وہاں صحت و صفائی کے بہتر انتظامات کو بھی یقینی بنائیں۔انہوں نے محکمہ پھولبانی سے کہا کہ وہ سیکرٹریٹ کے لانز کو جاذب نظر بنانے کے لئے بھی اقدامات کریں۔پرنسپل سیکرٹری نے متعلقین سے کہا کہ وہ سرکاری رہایشی کالونیوں میں پینے کے پانی اور بجلی کی بلاخلل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بھی اقدامات کریں۔