بنگلورو/سلامی بلے باز روہت شرما نے ہیمسٹرنگ کی چوٹ سے نجات حاصل کرنے کے بعد بنگلورو واقع نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے ) میں فٹ نیس ٹسٹ پاس کرلیا ہے اور وہ 13 دسمبر کو آسٹریلیا کے لئے روانہ ہوں گے تاکہ وہ ٹسٹ سیریز میں آخری دو میچوں میں سلیکشن کے لئے دستیاب ہوسکیں۔ روہت کو آئی پی ایل کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن وہ فائنل سمیت آخری چند میچوں میں کھیلے تھے ۔ اپنی ٹیم ممبئی انڈینز کو پانچویں مرتبہ چیمپئن بنانے کے بعد وہ ممبئی واپس آئے اور پھر بنگلورو میں این سی اے پہنچ کرری ہیبلی ٹیشن سے گزرے ۔آج ان کا فٹنس ٹیسٹ ہونا تھا جو انہوں نے پاس کرلیا۔ فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد ، یہ خیال کیا جارہا ہے کہ روہت 13 دسمبر کو ممبئی اور دبئی کے ذریعہ آسٹریلیا پہنچ سکتے ہیں ، جہاں وہ چار ٹیسٹ سیریز کے آخری دو میچوں میں سلیکشن کے لئے دستیاب ہوں گے ۔اگرچہ روہت پہلے ٹیسٹ میچ سے پہلے ہی آسٹریلیا پہنچ جائیں گے ، لیکن آسٹریلیائی حکومت کی طرف سے وبا کورونا وائرس سے متعلق رہنما خطوط کے مطابق روہت کو آسٹریلیا پہنچنے کے بعد 14 دن کے لئے کوارنٹین میں رہنا ہوگا جس کے بعد ہی وہ ٹیم کے ساتھ بایو ببل میں شامل ہوسکتے ہیں۔ ہندوستان کا آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ 17 سے 21 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 26 سے 30 دسمبر میلبورن میں ہے ۔ روہت 14 دن کی کورنٹین مدت کی وجہ سے ان دونوں میچوں کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے ۔ خیال کیا جارہا ہے کہ روہت کرسمس کے بعد ہی ٹیم میں شامل ہوسکیں گے اور وہ 7 جنوری کو سڈنی اور 15 جنوری کو برسبین میں ہونے ولے مقابلے میں حصہ لیں گے ۔