یو این آئی
نئی دہلی/ہندستانی ون ڈے ٹیم کے کپتان روہت شرما نے 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے بعد درپیش جذباتی صدمے پر کھل کر گفتگو کی اور اعتراف کیا کہ اس دل شکستگی نے انہیں اندر سے توڑ کر رکھ دیا تھا اور وہ اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہو گئے تھے ۔روہت شرما نے یہ بات ماسٹرز یونین کنووکیشن 2025 میں کہی، جہاں وہ بطور مہمانِ خصوصی تھے اور طلبہ سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے ہندستان میں کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے بعد کے حالات کو یاد کرتے ہوئے کہا، 2023 ورلڈ کپ فائنل کے بعد میں بالکل ٹوٹ چکا تھا اور مجھے لگا کہ شاید میں اب یہ کھیل مزید نہیں کھیل پاؤں گا کیونکہ اس نے مجھ سے سب کچھ چھین لیا تھا اور میرے اندر کچھ بھی باقی نہیں بچا تھا۔ہندستانی کپتان نے بتایا کہ اس مایوسی کی بڑی وجہ وہ غیر معمولی ذاتی محنت اور جذباتی وابستگی تھی جو انہوں نے 2022 میں کپتانی سنبھالنے کے بعد سے کی تھی اور ان کا واحد مقصد ہندستان کے لیے ورلڈ کپ جیتنا تھا۔انہوں نے کہا یہ میرے لیے ذاتی طور پر بہت مشکل وقت تھا، کیونکہ میں نے صرف ورلڈ کپ سے دو تین ماہ پہلے نہیں بلکہ 2022 میں کپتانی سنبھالنے کے بعد سے سب کچھ اسی ایک ہدف کے لیے لگا دیا تھا۔ چاہے وہ ٹی20 ورلڈ کپ ہو یا 2023 کا ورلڈ کپ، میرا مقصد صرف جیت حاصل کرنا تھا۔ جب ایسا نہیں ہو سکا تو میں مکمل طور پر بکھر گیا تھا۔روہت شرما نے مزید بتایا کہ یہ جذباتی تھکن اتنی شدید تھی کہ انہیں ذہنی اور جسمانی طور پر سنبھلنے میں کئی ماہ لگ گئے ۔” انہوں نے مزید کہا کہ میرے جسم میں بالکل توانائی نہیں بچی تھی۔ مجھے خود کو دوبارہ سنبھالنے میں دو مہینے لگ گئے ۔37 سالہ روہت نے بتایا کہ جس چیز نے انہیں دوبارہ میدان میں واپس آنے کا حوصلہ دیا، وہ کھیل سے ان کی محبت تھی۔ آہستہ آہستہ میں نے اپنی راہ دوبارہ تلاش کی، توانائی واپس آئی اور میں پھر سے میدان میں متحرک ہوگیا۔ یہ ناکامی بالآخر ان کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہوئی۔ روہت شرما کے مطابق یہ مرحلہ ان کی زندگی کا ایک بڑا سبق تھا، جس نے انہیں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 سے قبل خود کو نئے سرے سے ترتیب دینے اور توجہ مرکوز کرنے میں مدد دی۔انہوں نے کہا مجھے احساس ہوا کہ زندگی یہیں ختم نہیں ہو جاتی۔ یہ میرے لیے ایک بڑا سبق تھا کہ مایوسی کا سامنا کیسے کرنا ہے ، خود کو ری سیٹ کرنا ہے اور نئی شروعات کرنی ہے ۔”یہ نئی توجہ رنگ لائی اور روہت شرما کی قیادت میں ہندستان نے 2024 ٹی20 ورلڈ کپ جیت لیا، جہاں فائنل میں بارباڈوس میں جنوبی افریقہ کو شکست دی گئی۔ بات چیت کے دوران روہت شرما نے حوصلہ، قیادت اور چیلنجز کے مطابق خود کو ڈھالنے پر بھی بات کی اور کرکٹ کو عملی زندگی سے جوڑتے ہوئے طلبہ کو نصیحت کی:”چیلنجز ہمیشہ آپ کے راستے میں آئیں گے ، لیکن یہی وہ چیزیں ہیں جو آپ کے اندر کی بہترین صلاحیت کو سامنے لاتی ہیں۔ اعتماد کے ساتھ آگے بڑھیں، آنے والے وقت کو قبول کریں اور اس سفر سے لطف اندوز ہوں۔