یواین آئی
کولکتہ/ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ناٹ آؤٹ 97 رنز کی فاتحح اننگز کھیلنے والے سنجو سیمسن نے اپنی کامیابی کا سہرا ہندوستانی کرکٹ کے دو بڑے ناموں، روہت شرما اور ویراٹ کوہلی کے سر باندھ دیا ہے ۔پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ لینے کے بعد سیمسن کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈگ آؤٹ میں بیٹھ کر ان عظیم کھلاڑیوں کی تکنیک کو بغور دیکھا اور سیکھا کہ دباؤ میں میچ کیسے جیتا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ 10-12 برس سے آئی پی ایل کھیل رہے ہیں اور تقریباً 10 سال سے ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہیں۔’’میں ڈگ آؤٹ میں بیٹھ کر روہت اور کوہلی جیسے عظیم کھلاڑیوں کو کھیلتے دیکھتا رہا ہوں اور اس دوران بہت کچھ سیکھا ہے ۔ شاید میں نے 50 یا 60 میچ کھیلے ہوں، لیکن تقریباً 100 میچ باہر بیٹھ کر دیکھے ہیں، جہاں میں نے یہ سیکھا کہ بڑے کھلاڑی کس طرح میچ کو انجام تک پہنچاتے ہیں۔سیمسن نے مزید کہا، ’’میرا سفر بہت خاص اور اتار چڑھاؤ سے بھرپور رہا ہے ۔
میں نے کئی بار خود پر شک بھی کیا کہ کیا میں بہترین کارکردگی دکھا سکوں گا۔ لیکن میں نے خود پر یقین برقرار رکھا اور خدا کا شکر ہے کہ آج اس نے مجھ پر اپنا کرم رکھا۔ گزشتہ میچ میں ہم پہلے بیٹنگ کر رہے تھے ، اس لیے بڑا اسکور بنانا ضروری تھا، مگر یہ میچ مختلف تھا۔ میں نے اپنی ذمہ داری پر توجہ دی اور شراکت داریاں بنانے کی کوشش کی۔ یہ دن میری زندگی کے سب سے اہم دنوں میں سے ایک ہے ۔ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو نے سنجو سیمسن کی کارکردگی کو ان کی سخت محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا”میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ اچھے لوگوں کے ساتھ ہمیشہ اچھا ہوتا ہے جو صبر سے کام لیتے ہیں۔ سیمسن نے اس وقت بھی ہمت نہیں ہاری جب وہ ٹیم کا حصہ نہیں تھے ، اور آج صحیح موقع پر انہیں ان کی محنت کا پھل مل گیا ۔