ایجنسیز
ریاض/سعودی پرو لیگ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں گول کیپر بینٹو کے انجری ٹائم میں ہونے والے ایک خود ساختہ گول نے کرسٹیانو رونالڈو سے فتح چھین لی۔ منگل کی رات ال نصر اور دوسرے نمبر پر موجود ال ہلال کے درمیان کھیلا گیا یہ اہم مقابلہ 1-1 کی برابری پر ختم ہوا۔النصر کے مداح جشن منانے کے لئے بالکل تیار تھے کیونکہ میچ اپنے اختتامی لمحات میں تھا، لیکن کھیل کے آٹھویں اضافی منٹ میں برازیلین گول کیپر بینٹو ایک لانگ تھرو کو سنبھالنے میں ناکام رہے اور گیند ان کے ہاتھوں سے پھسل کر اپنی ہی جال میں جا گری۔ اس بدقسمت گول کی بدولت ال ہلال میچ برابر کرنے میں کامیاب ہو گیا۔اس ڈرا کے بعد بھی النصر ٹائٹل کی دوڑ میں سب سے آگے ہے۔النصر کا سیزن کا صرف ایک میچ باقی ہے اور وہ الہلال سے 5 پوائنٹس کی برتری پر ہیں۔الہلال کے پاس ابھی ایک میچ اضافی موجود ہے، جس کی وجہ سے ٹائٹل کا فیصلہ ابھی موخر ہو گیا ہے۔ النصر اگلے ہفتے دمک کے خلاف میچ جیت کر باقاعدہ طور پر چیمپئن بن سکتی ہے۔41سالہ کرسٹیانو رونالڈو، جنہوں نے 2023 میں سعودی فٹ بال میں شمولیت اختیار کر کے عالمی توجہ اس لیگ کی جانب مبذول کروائی تھی، اب بھی سعودی عرب میں اپنے پہلے ڈومیسٹک ٹائٹل کے منتظر ہیں۔ ان کی آمد کے بعد ہی نیمار اور کریم بینزیما جیسے بڑے ستاروں نے بھی سعودی لیگ کا رخ کیا تھا۔رونالڈو کے مداحوں کو اب اگلے ہفتے تک کا انتظار کرنا ہوگا تاکہ وہ اپنے پسندیدہ اسٹار کو ٹرافی اٹھاتے ہوئے دیکھ سکیں۔