یواین آئی
جدہ/عالمی فٹبال کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اور ان کے سعودی کلب النصر کے درمیان تعلقات میں دراڑیں پڑنے لگی ہیں۔ حالیہ میچوں میں رونالڈو کی مسلسل غیر حاضری اور کلب انتظامیہ کے ساتھ مبینہ اختلافات نے فٹبال کی دنیا میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے ۔ یہ صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب پرتگالی اسٹار کو مقامی ناقدین کی جانب سے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، جس سے ان کے سعودی عرب میں مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو اور کلب کے درمیان تنازع کی چند اہم وجوہات ہیں ۔ جن میں رونالڈو کا مبینہ طور پر ماننا ہے کہ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ ان کے کلب النصر کے مقابلے میں حریف کلب “الہلال” کی زیادہ مالی معاونت کر رہا ہے ۔ اسی بنیاد پر رونالڈو نے الجریح، الریاض اور الاتحاد کے خلاف اہم میچز میں شرکت نہیں کی، جسے ان کا “انفرادی احتجاج” قرار دیا جا رہا ہے ۔سعودی کمنٹیٹر ولید الفرج نے رونالڈو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی حدود کا علم ہونا چاہیے اور وہ ایک کھلاڑی اور مینیجر کے فرق کو نہ بھولیں۔ اگرچہ رونالڈو نے حال ہی میں اپنے معاہدے میں توسیع کی تھی، لیکن موجودہ حالات نے غیر یقینی پیدا کر دی ہے ۔