یواین آئی
کلیانی/رنجی ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگال کے تجربہ کار بالرز محمد شامی اور مکیش کمار نے اپنی تباہ کن بالنگ سے جموں و کشمیر کی بیٹنگ لائن کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے ۔ دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک جموں و کشمیر نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 198رنز بنا لئے ہیں اور بنگال نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے ۔آج بنگال نے اپنی اننگز کا آغاز گزشتہ روز کے اسکور 249رنز (5 وکٹ) سے کیا۔سدیپ گھرامی 146 رنز بنا کر عاقب نبی کا شکار ہوئے ، جس نے بنگال کے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔ بنگال کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 328 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جموں و کشمیر کی جانب سے عاقب نبی نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سنیل کمار نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔328 رنز کے جواب میں جموں و کشمیر کا آغاز انتہائی خوفناک رہا ۔ بنگال کے اسپیڈ اسٹارز نے محض 13 رنز پر جموں و کشمیر کی پہلی 3 وکٹیں گرا دیں۔کپتان پارس ڈوگرہ اور عبداللہ صمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 143 رنز کی اہم شراکت داری قائم کر کے ٹیم کو سنبھالا۔ محمد شامی نے عبداللہ صمد 82 کو آؤٹ کر کے اس خطرناک جوڑی کو توڑا، اور اگلے ہی اوور میں مکیش کمار نے پارس ڈوگرہ58 کو پویلین بھیج دیا۔دن کے اختتام پر کنہیا ودھاون 10اور عابد مشتاق 26 کریز پر موجود ہیں، جبکہ جموں و کشمیر ابھی بنگال کی پہلی اننگز کے اسکور سے 130 رنز پیچھے ہے ۔