رام بن //رام بن کے کرول میں ایک کمسن کی پُر اسرار موت کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرنے کے مطالبہ کو لیکر ضلع میں متوفیہ کے رشتہ داروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔مقامی لوگوں کی مدد سے بچی کی نعش کو سڑک پر رکھ کر لوگوں نے دھرنا دیا، وہ معاملہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کئے جانے کی مانگ کر رہے تھے۔کمسن سمرن رکوال دُختر اوم سنگھ رکوال کے رشتہ داروں نے متوفیہ کو اتوار کے روز اپنے گھر میں مشکوک حالات میں مردہ پایا تھا اور اسے قتل کا خدشہ ظاہر کیا۔قصبہ میں اس پُر اسرار موت کو لیکر مظاہریں نے اس واقعہ کی تحقیقات کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چار سال قبل اسی گھر میں اسی طرح سے ایک پُر اسرار موت ہوئی تھی۔مظاہرین نے دونوں ہلاکتوں کی تحقیقات کا مطالبہ کر تے ہوئے ضلع انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین نے بٹوت اور رام بن کے درمیان قومی شاہراہ پر ٹریفک میں رخنہ ڈالا ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایک دلدوز واقعہ میں 15سال کی ایک کمسن کو کرول میں مردہ پایا گیا تھا۔ایڈیشنل ایس پی رام بن سنجے پریہار نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ اس سلسلہ میں خصوصی تحقیقات ی ٹیم تشکیل دی جائے گی، جو اس واقعہ کی باریک بینی سے تحقیقات کرے گی اور جو کوئی بھی اس میں ملوث پایا جائے گا ، اُس کے خلاف تحت قانون سخت کاروائی کی جائے گی ۔ایڈیشنل ایس پی کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین پُر امن طور سے چلے گئے اور متوفیہ کے آخری رسومات انجام دئے ۔