رام بن//زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے آج کسانوں کو فصل اُگانے کے سلسلے میں جدید زرعی تکنیک استعمال کرنے پر زور دیاتاکہ اس کوشش کے نتیجے میں کسانوں کی معاشی حالت میں سدھار لایا جاسکے ۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے رام بن میں کسان کم ایگزبشن میلے کا افتتاح کرنے کے بعد کسانوں کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایم ایل اے رام بن نیلم لنگے، ڈی جی سریکلچر میر طارق علی ، ڈی ڈی سی رام طارق حسن گنائی ، ڈائریکٹر ایگریکلچر جموں ایچ کے رازدان ، ایم ڈی ایگرو راکیش کھجوریہ ، چیف ایگریکلچر آفیسر رام بن کے کے گپتا اور محکمہ کے سینئر افسران ا س موقعہ پر موجود تھے۔وزیر نے کہا کہ عالمی سطح پر منظور شدہ زرعی تکنیک ، فارم مشینری اور فصل کو فروغ دینے والے نظام کو متعارف کرنا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ ان کاوشوں کے نتیجے میں زراعت کا شعبہ روز بروز ترقی کر رہا ہے ۔ایم ایل اے رام بن نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت کا ان کے حلقے انتخاب میں کسان میلے کا انعقاد کرنے کے لئے شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل وزیر موصوف نے نمائش میں رکھے گئے مختلف سٹالوں کا معائینہ کیا۔