محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب طوفانی ہواؤں، بارشوں اور برفباری کے باعث بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے نتیجے میں ضلع رام بن کا بیشتر علاقہ اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے اور برفباری کی وجہ سے ضلع کی درجنوں سڑکیں بھی بند ہو گئی ہیں۔ضلع رام بن میں بارشوں اور برفباری کے بعد شاہراہ ، سڑکوں اور بجلی کے حوالے سے پیدا ہوئی صورتحال کے حوالے سے بات کرنے پر ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ سے برف کو صاف کرنے کیلئے نیشنل ہائے وے آتھارٹی اف انڈیا کی کوئی بھی کوشش مسلسل برفباری کی وجہ سے کامیاب ثابت نہیں ہوئی ہے اور برفباری کے تھمتے ہی شاہراہ کی بحالی کے امکانات موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن میں طوفانی ہواووں اور بارشوں اور برفباری کی وجہ سے بجلی کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے اور 45بجلی فیڈروں میں سے انتالیس فیڈر متاثر ہوئے ہیں اور بجلی کی بحالی کیلئے بڑے پیمانے کی کاروائی جاری ہے ۔