بانہال // رام بن میں موٹر سائیکل کے ایک حادثے میں دو نوجوان شدید زخمی ہوئے ہیں اور انہیں رام بن کے ضلع ہسپتال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رام بن کے میتراہ علاقے میں فوج کے ٹرانزٹ کیمپ کے نزدیک پیش آئے اس حادثے میں دو نواجوں عامر الطاف شاہ ولد الطاف حسین شاہ ساکنہ سیری رام بن اور سونو بھسین ولد جوگیندر پال سنگھ ساکنہ رام بن شدیدزخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا چونکہ ضلع ہیڈ کواٹر میتراہ کا رابطہ سڑک کے کٹ جانے کی وجہ سے منقطع ہے اور یہ نوجوان کرول کے راستے رام بن سے میتراہ گئے ہوئے تھے اور انکی موٹر سائیکل نمبر نمبر 4807/JK-19 سڑک پر سے کھسک گئی اور انکے زخمی ہونے کا باعث بنی ۔ حادثے کے فورا بعد دونوں زخمیوں کو پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا جہاں سے دونوں زخمیوں کو مزید اور بہتر علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک کو کمر میں شدید نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں اور انہیں فوری طور پر جموں منتقل کیا گیا ہے تاکہ ایم آر آئی کے بعد چوٹ کا علاج شروع کیا جا ئے۔پولیس نے ضابطے کی کاروائی شروع کی ہے۔