یواین آئی
بارسلونا/برازیلین فارورڈ رافینہ کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت بارسلونا نے سیویا کو 5-2 سے عبرتناک شکست دے کر لالیگا ٹیبل پر اپنی چار پوائنٹس کی برتری دوبارہ حاصل کر لی ہے ۔ ہینسی فلک کی زیرِ نگرانی ٹیم نے کیمپ نو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں مکمل برتری برقرار رکھی۔میچ کا آغاز بارسلونا کے لیے انتہائی سازگار رہا جہاں انہیں ابتدائی لمحات میں ہی دو پنالٹیز ملیں۔ رافینہ نے 9ویں منٹ میں پہلی پنالٹی کو گول میں بدلا اور پھر دوسری پنالٹی پر اپنا دوسرا گول اسکور کیا۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں انہوں نے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور شائقین کے دل جیت لیے ۔ ڈینی اولمو اور جواؤ کینسیلو نے بھی بارسلونا کی جانب سے ایک ایک گول کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔ سیویا کی جانب سے اوسو اور جبرئیل سو نے گول اسکور کیے ، لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے ۔ نوجوان مڈفیلڈر گاوی گھٹنے کی شدید انجری کے بعد طویل عرصے بعد میدان میں واپس آئے ۔ جب وہ متبادل کھلاڑی کے طور پر آئے تو رونالڈ اراؤجو نے انہیں کپتانی کا آرم بینڈ پہنا کر خوش آمدید کہا۔