خشک موسم کے باعث آگ تیزی سے پھیلنے لگی، متعدد دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنائی دیں
سمت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے کیری سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک جنگلاتی علاقے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں حساس سرحدی علاقے میں نصب اینٹی پرسنل بارودی سرنگوں میں دھماکے شروع ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی صورتحال پیدا ہوگئی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق آگ ایل او سی کے قریب جھاڑیوں سے شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے گھنے چیڑ کے جنگلات تک پھیل گئی۔ آگ نے جنگل کے ایک بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ خشک موسم اور تیز ہواؤں کے باعث شعلے مسلسل پھیلتے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق جنگل میں لگی آگ کے باعث وہاں نصب اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں پھٹنے لگیں جس سے زوردار دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنائی دیں۔
اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اب تک تقریباً ایک درجن دھماکے ہو چکے ہیں، جس کے باعث سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے متعلقہ محکمے اور سیکورٹی ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں تاہم دشوار گزار علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔حکام کے مطابق فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم آگ بدستور علاقے کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہے۔ انتظامیہ نے مقامی لوگوں سے احتیاط برتنے اور متاثرہ علاقے کے قریب نہ جانے کی اپیل کی ہے۔واضح رہے کہ سرحدی علاقوں میں گرمیوں کے موسم میں خشک جھاڑیوں اور جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں، تاہم بارودی سرنگوں کے دھماکوں نے اس واقعے کو مزید حساس بنا دیا ہے۔