مینڈھر //مینڈھر میں نیشنل کانفرنس اکائی کی جانب سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ راجوری اور پونچھ کو صوبائی درجہ دیا جائے تاکہ علاقہ کے لوگوں کے مسائل حل کرنے میں مدد مل سکے ۔بی ڈی سی چیئر مین مینڈھر طاہرہ جبین کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں صوبائی نائب صدر نذید حسین ،ذیشان رانا ،شیراز اظہری ودیگر کارکنوں نے بھی شرکت کی ۔پارٹی کی مینڈھر اکائی نے کہاکہ اس وقت نئی حدبنی کا عمل چل رہا ہے جبکہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ سرحدی اضلاع کی عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے خطہ پیر پنچال کو صوبے کادرجہ دے ۔اپنے خطاب میں ذیشان رانا نے گزشتہ دو برسوں سے پارٹی اکائی کے مستحکم رہنے اور کارکنوں کی کوششوں کی تعریف کی ۔اجلاس میں چوہدری محمد اعظم ،تنویر احمد خان ، نیاز احمد خان ، ذاکر حسین ، حاجی جاوید ، منظور حسین ، حسین چودھری سمیت درجنوں دیگر اراکین بھی موجود تھے ۔