راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں کووڈ کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہو تا جارہا ہے جبکہ گزشتہ روز کل کیسوں کی تعداد 247تک پہنچ گئی ۔اسی دوران ضلع میں 6نئی ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں ۔اضافی ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ٹھاکر شیر سنگھ نے بتایا کہ ضلع میں معاملات میں اضافہ ہو تاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز سامنے آئے 247معاملات میں صرف دو کی سفر ی تاریخ ہے جبکہ 245کیس مقامی ہیں جن سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ضلع کے دیہات میں بھی وائرس کا پھیلائو مسلسل جاری ہے ۔نئے درج کئے گئے معاملات میں سے 76کا تعلق سندر بنی سے جبکہ کالا کوٹ سے 76نوشہرہ سے 39،راجوری سے 26،درہال سے 17اور کوٹرنکہ سے 12معاملات شامل ہیں ۔آفیسر موصوف نے بتایا کہ ضلع میں چھ اموات بھی ہوئی ہیں ۔ان میں سے نوشہرہ سب ڈویژن کے جھنگڑ علاقہ سے تعلق رکھنے والی ایک 54سالہ خاتون بھی ہے جبکہ اسی خاندان کی دو عورتیں جمعہ کو لقمہ اجل بن گئی تھی ۔اس کے علاوہ دھنڈ کوٹ گائوں کی ایک 80سالہ خاتون جبکہ ایک خاتون کا تعلق پیڑی گائوں سے ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ساکری علاقہ کا ایک دکاندار بھی مہلوک وائرس کا شکار ہو گیا ہے ۔راجوری چوہدری ناڑ کا ایک تاجر اور چننی سندر بنی کا بھی ایک شخص شامل ہے ۔