عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی (نالسا) کی ہدایات کے مطابق ضلع راجوری میں چوتھی قومی لوک عدالت کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا گیا۔ یہ لوک عدالت ضلع کورٹ کمپلیکس راجوری کے علاوہ ضلع کی تمام دیگر عدالتوں میں بھی منعقد ہوئی، جس میں مختلف نوعیت کے مقدمات کو خوش اسلوبی سے حل کیا گیا۔قومی لوک عدالت کا انعقاد چیئرمین ضلع لیگل سروسز اتھارٹی (ڈی ایل ایس اے) و پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج راجوری، راجندر سپرو کی صدارت میں کیا گیا۔ ضلع سطح پر تین بینچ قائم کئے گئے۔ پہلے بینچ کی صدارت خود ڈی ایل ایس اے چیئرمین راجندر سپرو نے کی، جن کے ہمراہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج سدیش شرما اور ایڈووکیٹ خلیل محمود بھٹ شامل تھے۔دوسرا بینچ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ جاوید رانا کی سربراہی میں قائم کیا گیا، جن کی معاونت اسسٹنٹ لیبر کمشنر پردیوت گپتا اور ممبر کنزیومر ریڈریسل کمیشن روہری پرمار نے کی۔ تیسرا بینچ اسپیشل موبائل مجسٹریٹ اننتا رائنا کی قیادت میں تشکیل دیا گیا، جس میں ڈسٹرکٹ موبائل مجسٹریٹ (ٹریفک) شویوکا گپتا اور اکاؤنٹس آفیسر بی ایس این ایل اندو شرما شامل تھیں۔اس کے علاوہ تحصیل سطح پر بھی متعلقہ عدالتوں کے پریزائیڈنگ آفیسران کی سربراہی میں لوک عدالت کے بینچ قائم کیے گئے۔ اس موقع پر سب جج / جے ایم آئی سی نوشہرہ کی عدالت نے ایک طویل عرصے سے زیر التوا ازدواجی تنازعہ کو بھی خوش اسلوبی سے حل کر کے فریقین میں مصالحت کرائی، جسے ایک اہم کامیابی قرار دیا گیا۔لوک عدالت کے موقع پر ڈی ایل ایس اے چیئرمین راجندر سپرو نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے توسط سے مستحقین میں وہیل چیئرز، اولڈ ایج پنشن کے منظوری خطوط اور اسٹیٹ میرج اسسٹنس بھی تقسیم کی۔ اس کے علاوہ اسسٹنٹ لیبر کمشنر کی جانب سے ایک مزدور کے بچے کو اعلیٰ تعلیم کے لیے مالی امداد بھی فراہم کی گئی۔قومی لوک عدالت کے دوران مجموعی طور پر 2,395 مقدمات، جن میں قبل از دائرہ عدالت اور بعد از دائرہ عدالت دونوں قسم کے معاملات شامل تھے، سماعت کے لیے پیش کیے گئے۔ ان میں سے 1,817 مقدمات کو نمٹا دیا گیا۔ لوک عدالت کے ذریعے مجموعی طور پر 1,99,26,975 روپے بطور تصفیہ رقم وصول کی گئی۔پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج راجوری کی عدالتوں میں 48 ایم اے سی ٹی مقدمات پیش ہوئے، جن میں سے 43 مقدمات نمٹائے گئے اور 1,88,21,500 روپے بطور معاوضہ منظور کیا گیا۔