عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بھارتیہ جنتا پارٹی نے جمعہ کے روز راجوری قصبہ میں مسلسل جاری غیر اعلانیہ بجلی کٹوتیوں کے خلاف شدید احتجاج درج کیا۔ احتجاج میں پارٹی کارکنان، مقامی قیادت، تاجر برادری اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین راجوری کے مصروف ترین مقام عبداللہ برج پر جمع ہوئے اور پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (پی ڈی ڈی) اور مقامی رکن اسمبلی کے خلاف زوردار نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ راجوری شہر میں بجلی کی فراہمی انتہائی غیر یقینی ہو چکی ہے اور عوام کو دن بھر میں بمشکل دو سے تین گھنٹے بجلی میسر آ رہی ہے، وہ بھی وقفے وقفے سے۔احتجاج کرنے والوں نے الزام لگایا کہ شہر کے بیشتر علاقوں میں دن اور رات دونوں اوقات میں طویل بجلی بندش معمول بن چکی ہے، جس سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکاندار، طلبہ، بزرگ شہری اور چھوٹے کاروبار سے وابستہ افراد سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہو رہے ہیں جبکہ طلبہ کی پڑھائی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے۔بی جے پی رہنماؤں نے مقامی ایم ایل اے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتخابات کے دوران عوام سے جو وعدے کئے تھے، وہ پورے کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو 200 یونٹ مفت بجلی دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، مگر زمینی حقیقت یہ ہے کہ جو بجلی لوگ باقاعدہ بل ادا کر کے حاصل کرتے ہیں، وہ بھی مسلسل فراہم نہیں کی جا رہی۔مظاہرین نے حکومت اور محکمہ بجلی سے مطالبہ کیا کہ راجوری شہر میں بجلی کی فراہمی کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور غیر اعلانیہ کٹوتیوں کا سلسلہ بند کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔