راجوری //راجوری ضلع میں ایک خاتون کی ہوئی مشکوک موت کے بعد پولیس نے کیس درج کر کے خاوند اور سسر کو گرفتار کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔پولیس نے بتایا کہ ضلع کی درہال تحصیل میں پیش آئے واقعہ کے بعد خاتون کے والدین نے گھریلو تشدید کا الزام عائد کرتے ہوئے قتل کا الزام عائد کیا جس کے بعد خاتون کے خاوند اور سسر کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 20سالہ شیبہ کوثر زوجہ سجاز احمد سکنہ ٹھنڈا چوکیاں درہال کو انتہائی تشویش ناک حالت میں گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا تاہم دوران علاج اس کی مو ت واقعہ ہو گئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ خاتون کی موت کے بعد لاش کا اتوار کی صبح پوسٹ مارٹم کروایا گیا ۔خاتون کے والدین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ شیبہ کوثر کی شادی 7ماہ قبل ہوئی تھی تاہم اس کے سسروال والے ہمیشہ جہیز کے نام پر خاتون پر تشدید کرتے تھے جبکہ اس کا خاوند بھی مبینہ طورپر مار پیٹ کرتا تھا ۔والدین نے بتایاکہ سنیچر کی شام سسروال والوں نے خاتون کو کوئی زہریلی شیاء کھانے کے سلسلہ میں ہسپتال میں علاج معالجے کیلئے داخل کروایا تاہم لاک ڈائون کے دوران گھر میں رہنے والی ایک خاتون کیسے زہر کا انتظام کر سکتی ہے جس کی وجہ سے مذکورہ مو ت مشکوک ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ زہر کھانا صرف سسروالوں نے ایک کہانی بنائی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ 20سالہ خاتون کی موت کے سلسلہ میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ درہال پولیس سٹیشن میں کیس درج کرنے کے بعد خاوند اور سسر کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں ۔