عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں ڈائریکٹوریٹ آف فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس کے زیر اہتمام منعقدہ راجوری فٹبال لیگ 2026 کے شاندار فائنل مقابلے میں آرمی کی ایس آف سپیڈ ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل کوشک مکھر جی نے شرکت کی۔یہ ٹورنامنٹ ’نشہ مکت جموں کشمیر ابھیان ‘کے بینر تلے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں میں صحت مند، باوقار اور منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کو فروغ دینا تھا۔فائنل مقابلہ ینگ فٹبال کلب راجوری اور بی جی ایس بی یو ایگل کے درمیان کھیلا گیا، جس میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد راجوری ینگ فٹبال کلب نے 2-4 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے چمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کر لی۔
فاتح ٹیم کی جانب سے علی رضا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین گول اسکور کیے، جبکہ بی جی ایس بی یو ایگلز کی جانب سے عدنان غیاث نے دو گول داغ کر میچ کو انتہائی دلچسپ اور مسابقتی بنا دیا۔ شائقینِ کھیل نے دونوں ٹیموں کے کھیل کو خوب سراہا۔تقریب میں وائس چانسلرپروفیسر جاوید اقبال مہمانِ اعزاز کے طور پر موجود تھے جبکہ یونیورسٹی کے اساتذہ، افسران، طلبہ اور کھیلوں کے شوقین افراد کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے دونوں ٹیموں کو عمدہ کھیل، بہترین اسپورٹس مین اسپرٹ اور ٹیم ورک پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے فاتح ٹیم کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، جسمانی فٹنس، ذہنی سکون اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی توانائی کو مثبت سمت دینے اور منشیات جیسی سماجی برائیوں سے دور رکھنے میں کھیل کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر میجر جنرل کوشک مکھرجی نے کھلاڑیوں اور شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں، جذبے اور محنت کو سراہا۔ انہوں نے نوجوانوں کو کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی اوربابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کی تعلیمی اور کھیلوں کے میدان میں خدمات کی تعریف کی۔ٹورنامنٹ کا انعقاد راکیش سنگھ سمبیال، انچارج ڈائریکٹوریٹ آف فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس، اور ڈاکٹر نسیم گل، صدر فٹبال کلب، کی قیادت میں کیا گیا۔ فائنل میچ کی نگرانی ڈاکٹر عاصم میر نے انچارج ڈائریکٹوریٹ آف فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس کے طور پر کی جبکہ پروگرام کے انعقاد میں امیت نگر نے اہم کردار ادا کیا۔ تقریب کی نظامت ڈاکٹر تنویر احمد نے انجام دی۔