جموں//خوراک، شہری رسدات و امور صارفین اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے راجوری ضلع میں بیلا ، کیری اور گنڈہ میں 28کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کئے جانے والے تین کلسٹر ماڈل ولیجز قائم کرنے کو منظوری دی ۔اس حوالے سے یہاں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں قبائلی امور کے کمشنر سیکرٹری شفیق احمد رینہ ، ڈی سی راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری ، ناظم قبائلی امور محمد رفیع کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کلسٹر ٹرائبل ماڈل ولیجز کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان ولیجوں میں ہر طرح کی بنیادی سہولیات قائم کی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ متعلقہ محکمہ ان دیہات میں لازمی بنیادی ڈھانچہ قائم کریں گے۔وزیر موصوف نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان ماڈل ولیجز کی بدولت علاقے میںلوگوں کی سماجی و اقتصادی صورتحال میںکافی بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں عوامی نمائندوںکو بھی شامل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کو درپیش مسائل سے پوری طرح باخبر ہے اور ان مسائل کو حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیںگے۔