عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت کے 12 سال مکمل ہونے کے موقع پر ضلع راجوری کے ڈاک بنگلہ میں ’وکست بھارت سمیلن‘کا انعقاد کیا گیا، جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔ پروگرام میں جموں و کشمیر بی جے پی کے جنرل سیکریٹری (آرگنائزیشن) اشوک کول مہمانِ خصوصی کے طور پر موجود رہے۔ اس موقع پر ضلع انچارج منیش شرما، ضلع صدر دیو راج شرما اور سابق ایم ایل سی ایڈووکیٹ وبودھ گپتا بھی موجود تھے۔سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے اشوک کول نے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں شفاف حکمرانی، تیز رفتار ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں نے نہ صرف ملک کے انفراسٹرکچر کو مضبوط کیا بلکہ صحت، تعلیم، سماجی تحفظ، ڈیجیٹل گورننس اور قومی سلامتی کے شعبوں میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔اشوک کول نے کہا کہ ’وکست بھارت‘ کا خواب اب حقیقت میں تبدیل ہوتا دکھائی دے رہا ہے، جس میں ہر طبقہ اور ہر شہری اپنی فعال شرکت ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ مودی حکومت کی کامیابیوں، فلاحی اسکیموں اور ترقیاتی پروگراموں کو گھر گھر تک پہنچائیں تاکہ عوام کو حکومتی اقدامات سے مزید باخبر کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں بھی ترقیاتی منصوبوں کو نئی رفتار ملی ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئی ہے۔ ان کے مطابق عوام کا حکومت پر اعتماد مضبوط ہوا ہے کیونکہ ترقی کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچ رہے ہیں۔اس موقع پر بی جے پی ضلع انچارج منیش شرما نے کہا کہ پارٹی عوام کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھنے اور معاشرے کے معزز افراد کی خدمات کو تسلیم کرنے کے لیے پْرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام عوام اور حکومت کے درمیان رشتے کو مزید مضبوط کرتے ہیں اور قوم کی تعمیر میں عوامی شمولیت کو فروغ دیتے ہیں۔ضلع صدر دیو راج شرما نے اپنے خطاب میں کہا کہ مودی حکومت نے مختلف فلاحی اسکیموں، بہتر عوامی خدمات اور ترقیاتی پالیسیوں کے ذریعے عام شہری کو بااختیار بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے مثبت اثرات ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی محسوس کیے جا رہے ہیں، جہاں عوام کو حکمرانی کے عمل سے قریب لایا گیا ہے۔سابق ایم ایل سی ایڈووکیٹ وبودھ گپتا نے کہا کہ ایک مضبوط، خود کفیل اور ترقی یافتہ بھارت کا خواب فیصلہ کن قیادت اور ہمہ گیر ترقیاتی اقدامات کے ذریعے حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایک خوشحال اور مضبوط بھارت کی تعمیر کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں۔پروگرام کے دوران مقررین نے مودی حکومت کی مختلف عوامی فلاحی اسکیموں، غریبوں کی بہبود، خواتین کو بااختیار بنانے، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع اور دیہی ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔ سمیلن میں پارٹی کارکنان اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔