سمت بھارگو
راجوری//جموںراجوری–پونچھ قومی شاہراہ پر چنگس کے مقام پر پیش آئے ایک سڑک حادثے میں دو موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ منگل کی شام اس وقت پیش آیا جب ایک موٹر سائیکل اور ایک کیب کے درمیان آمنے سامنے زور دار ٹکر ہو گئی۔حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد کو شدید چوٹیں آئیں۔ مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے زخمیوں کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج سے منسلک ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کی حالت نازک قرار دی۔ بعد ازاں ایک زخمی کی تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے مزید علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کر دیا گیا۔زخمیوں کی شناخت دیپ چودھری (47) ولد چنی لال ساکن بھوانی اور سوربھ چودھری (30) ولد دھیال چودھری ساکن کلسیان کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے کے سلسلے میں ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ مقامی لوگوں نے شاہراہ پر بڑھتے ہوئے حادثات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور حفاظتی اقدامات بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔