محتشم احتشام
پونچھ//ضلع راجوری کے گھمبیر مغلاں علاقے میں جاری انکاؤنٹر کے بعد سرحدی ضلع پونچھ میں سیکورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ ضلع پولیس پونچھ نے احتیاطی اقدامات کے تحت شہر کے اہم داخلی راستوں پر ناکہ بندی قائم کر دی ہے، جبکہ ایس کے پل (شیر کشمیر پل) پر خصوصی چیکنگ مہم چلائی جا رہی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز ہر آنے جانے والی گاڑی کی باریک بینی سے تلاشی لے رہی ہیں، جبکہ مسافروں کے شناختی کارڈ اور دیگر سفری دستاویزات کی بھی مکمل جانچ کی جا رہی ہے۔چیکنگ کے دوران مشتبہ نقل و حرکت پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو بروقت روکا جا سکے۔علاقے میں تعینات پولیس اہلکاروں اور سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق راجوری میں جاری آپریشن کے تناظر میں پونچھ سمیت سرحدی علاقوں میں نگرانی بڑھا دی گئی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔ایس کے پل پر قائم ناکہ کے دوران متعدد گاڑیوں کو روک کر تلاشی لی گئی، جبکہ مسافروں سے ان کے سفر کے مقصد کے بارے میں بھی پوچھ گچھ کی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عوام کی حفاظت اور سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ چیکنگ کے دوران سیکورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ادھر مقامی لوگوں نے بھی سیکورٹی فورسز کی جانب سے کیے جا رہے اقدامات کو موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر ضروری قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ امن و امان کے قیام اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے سخت نگرانی وقت کی اہم ضرورت ہے۔واضح رہے کہ راجوری کے گمبیر مغلاں علاقے میں سیکورٹی فورسز اور مشتبہ عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم جاری ہے، جس کے بعد پورے خطے میں سیکورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔