عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سیکورٹی فورسز نے شمالی کشمیر کے راجوار جنگل علاقے میں تلاشی مہم(کوردن اینڈ سرچ آپریشن) کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا ہے۔یہ کارروائی سی آر پی ایف کی 92 بٹالین اور ایس او جی زچلڈارہ نے مشترکہ طور پر انجام دی۔ تلاشی کے دوران ایک مشکوک مقام کی نشاندہی کی گئی جہاں سے گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ حکام نے بتایا کہ ضبط شدہ سامان میں 90 راؤنڈ انساس رائفل کے کارتوس، 90 راؤنڈ اے کے-47 کے کارتوس اور ایک چینی ساختہ دستی بم شامل ہے۔ برآمد شدہ مواد کو مزید تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ حکام نے کہا کہ کارروائی کا مقصد علاقے میں امن و قانون کو برقرار رکھنا اور کسی بھی ممکنہ خطرے کو ٹالنا ہے۔