منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے راجدھانی علاقہ سے سروالہ جارہی 7کلو میٹر سڑک گزشتہ کئی برسوں سے مکمل نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ سرحدی علاقوں کی عوام کو بہتر رسائی نظام فراہم کرنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے سڑک کی تعمیر کا عمل 2011-12میں شروع کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد کٹائی کر کے کئی برسوں تک پروجیکٹ کو جوں کا توں ہی چھوڑ دیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ 7کلو میٹر پروجیکٹ کے مکمل نہ ہونے کی وجہ سے ملحقہ علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کے رائشی مکانات اور زراعی اراضی کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 2017میں عوامی مانگ کے بعد انتظامیہ بالخصوص متعلقہ محکمہ کی جانب سے سڑک پر بجری بچھائی گئی لیکن اس کے بعد ابھی تک سڑک پر تار کول نہیں بچھائی جاسکی ۔مقامی معززین نے بتایا کہ سڑک پر اب بجری اکھڑ کر کھڈے پڑگئے ہیں جبکہ عارضی نالیاں اب مکمل طورپر بند ہو گئی ہیں ۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ نہ تو پروجیکٹ کو مکمل کیا جارہا ہے اور نہ ان کی کو معیاری سہولیات فراہم کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر کی جارہی ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کو جلدازجلد مکمل کیا جائے تاکہ سرحدی بیلٹ کی عوام کو معیاری سہولیات میسر ہو سکیں ۔