شاہد ٹاک
شوپیاں//اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے کہا ہے کہ حالیہ برف باری سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ پوری طرح تیار نہیں تھی، جس کے نتیجے میں متعدد دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہو گیا اور عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ تیاریوں کی کمی نے موسمِ سرما کے انتظامات میں سنگین خامیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ، دیہی اور پہاڑی علاقوں میں صورتحال زیادہ تشویشناک ہے۔الطاف بخاری نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر مؤثر اقدامات کرے اور مناسب مشینری تعینات کی جائے تاکہ عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بروقت کارروائی نہ ہونے سے روزمرہ کی زندگی اور بنیادی سہولیات بری طرح متاثر ہوے ہیں۔
آنے والے بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے صدر نے کہا کہ باغبانی کے شعبے کو خصوصی توجہ دی جانی چاہیے کیونکہ یہ علاقائی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس پھلوں کے شعبے کو بھاری نقصان پہنچا ہے، اس لیے متاثرہ باغ مالکان کو بروقت معاوضہ فراہم کیا جانا ناگزیر ہے۔الطاف بخاری نے مزید کہا کہ راحت اور معاوضہ بلا تاخیر مستحقین تک پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس تجربے سے سبق سیکھتے ہوئے آئندہ برف باری کے لیے بہتر منصوبہ بندی اور تیاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ جان و مال کا تحفظ ممکن ہو سکے۔